• news

کوئٹہ دہشت گردی‘ ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام رہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کوئٹہ دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے اپنے تحفظ کے قابل بھی نہیں رہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں انسانی جانوںسے کھیلنے والے درندے انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی جسم میں دہشت گردی کا وائرس آج بھی پوری قوت کے ساتھ نقل و حرکت کررہا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے دعوئوں کی بازگشت بھی ختم نہیں ہوتی کہ کوئی نیا المیہ جنم لے لیتا ہے، گزشتہ روز شہر اعتکاف میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے پلان کے نام پر قوم سے دھوکہ دہی کررہے ہیں، سانحہ اے پی ایس کے بعد دہشت گردی کی فکری و نظریاتی جڑیں کاٹنے کیلئے جتنے بھی پلان بنے ایک ایک کر کے سب ختم کردئیے گئے اور اب انکے ذکر دہشت گردی کے واقعہ کے حوالے سے کی جانیوالی بیان بازی میں ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا اب لوگ قومی ایکشن پلان اور نیکٹا کے نام بھی بھول گئے، فوجی عدالتوں کے اختیارات ان کی مدت اور رینجرز آپریشن کا ذکر بھی کہیں نہیں ملتا۔

ای پیپر-دی نیشن