• news

بھارتی فوج کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے: عبدالرحمٰن مکی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ سیاسی امورکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔ فرضی جھڑپوں میں شہید نوجوانوں کی شناخت کرنا مشکل ہو چکا۔ پانامہ میں الجھے حکمرانوں کے پاس کشمیریوں کی مددکیلئے کوئی فرصت نہیں۔ کشمیریوں کی قربانیاں نظرانداز کر کے بھارت سے یکطرفہ دوستی اور مذاکرات کی باتیں کی جارہی ہیں۔ بھارتی دبائو پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو نظربند کر کے تحریک آزادی کو سخت نقصان پہنچایا گیا۔ برہان وانی کے یوم شہادت آٹھ جولائی سے 19جولائی یوم الحاق پاکستان تک ملک گیر مہم چلائی جائے گی۔ چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بڑے پروگراموں کا انععقاد کیا جائے گا۔ کلبھوشن کے اعترافات نے انڈیا کادہشت گردانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ وہ جامع مسجد قبا اسلام آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم شہدائے کشمیر کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی تھی جس پر جامع مسجد قبا میں بعد نماز جمعہ شہداء کشمیر کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد اکی گئی۔ اس موقع پر تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ غائبانہ نماز جنازہ حافظ عبدالرحمن مکی نے پڑھائی۔ قبل ازیں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ کشمیریوں نے بھارت کی ساڑھے آٹھ لاکھ فوج کو کشمیر میں الجھا رکھا ہے۔ وہ صرف کشمیر ہی نہیں پاکستان کے بھی دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیری غاصب بھارت کی غلامی میں نہیں رہنا چاہتے۔ قیام پاکستان کے موقع پر کشمیریوںنے الحاق پاکستان کا اعلان کیا تھا لیکن پاکستانی حکمران کشمیریوں کا مقدمہ صحیح معنوں میں نہیں لڑ سکے اور شملہ جیسے معاہدے کر کے تحریک آزادی کو نقصان پہنچایا گیا۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی ہے۔ کشمیری الحاق پاکستان کی خاطر قربانیاں و شہادتیں پیش کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن