پی آئی اے پرواز میں منشیات سمگلنگ کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائے : چوہدری نثار
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی ائیرلائن کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ جیسے سنگین جرم سے ملک کی نیک نامی اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس مکروہ کاروبار کا فوری قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈی جی اے این ایف کی وزیرِ داخلہ کو پی آئی اے طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کی تحقیقات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں واقعے میں ملوث بیشتر افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے کیس کی تفتیش کے سلسلے میں اے این ایف کے پیشہ وارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی ائیرلائن کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ جیسے سنگین جرم سے ملک کی نیک نامی اور وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس مکروہ کاروبار کا فوری قلع قمع کرنا نہایت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ طیارہ منشیات سمگلنگ کیس کو ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے کیس کی موثر پیروی کی جائے اور اسے ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سامنے آنے والے حقائق سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ کاروائی محض چند افراد کی ملی بھگت تک ہی محدود نہیں بلکہ اس واقعے میں بین الاقوامی مافیا ملوث ہے۔ متعلقہ ممالک کی حکومتوں سے تعاون سے کیس کی تفتیش کے دائرہ کار کو بڑھا یا جائے۔ وزیر داخلہ نے ڈی جی اے این ایف کو اب تک کی جانے والی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پریس کانفرنس کے ذریعے منظر عام پر لانے کی ہدایت کی ۔