• news

وفاق بجلی،گیس، تیل کا انتظام حوالے کرے ورنہ جھگڑا ہو گا: وزیراعلیٰ خیبر پی کے

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے وفاق کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وفاق، بجلی، گیس اور تیل کا انتظام و انصرام صوبے کے حوالے کرے۔ ہم اپنے وسائل کرپٹ حکمران ٹولے کے ہاتھ میں رکھنے کا رسک مزید نہیں لے سکتے۔کرپٹ حکمرانوں کی چوری پکڑی گئی ہے نواز شریف ٹولے کا جانا ٹھہر چکا ہے، امیر مقام پرائی شادی میں عبد اﷲ دیوانہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔ ملک میں فساد کی جڑ کرپشن ہے سیاست میں مکر وفریب نہیں چلنے والا۔ حکمران عوام کو ہوائی قلعوں کے خواب نہ دکھائیں۔ اگر ہم ادارے ٹھیک کرکے بہترین نظام دے سکتے ہیں تو واپڈا کو بھی ٹھیک سمت میں ڈال سکتے ہیں ۔ صوبائی حکومت نوجوانوں کے جنون اور جوش و ولولے سے اقتدار میں آئی جنہوں نے اپنے بزرگوں کو تبدیلی کے لئے راغب کیا۔ وہ تارو جبہ میں ضلعی کونسلر حیدر خان کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب اور بعدازاں واپڈا ٹاﺅن شپ تارو جبہ میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر وفاق صوبے کو حق نہیں دے گا تو ہم جھگڑا ڈالیں گے۔ ہمار اجھگڑا چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے اس ملک میں چوروں کا علیحدہ گروپ بن چکا ہے ہم ان کو عوام کی حمایت سے اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔ شہباز شریف کا لوڈشیڈنگ کا وعدہ تھا پورا نہ کرنے پر اپنا نام تبدیل کرنے کا کہا تھا۔ عوام کو کہتے ہیں مناسب نام تجویز کریں۔

ای پیپر-دی نیشن