جون 2018ءشارٹ فال 500، 2019ءمیں 224 میگا واٹ اضافی بجلی ہوگی: نیپرا
لاہور / اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جون 2018ءمیں پیک آورز میں بجلی کا شارٹ فال 500 میگا واٹ رہ جائیگا۔ نیپرا رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار این ٹی ڈی سی کے 5 سالہ مستقل پلان کی بنیاد پر مرتب کئے گئے 30 جون 2017ءتک بجلی کا شارٹ فال کا تخمینہ 3710 میگا ہو گا۔ 30 جون 2019 میں سسٹم میں طلب سے 224 مپگا واٹ اضافی بجلی ہوگی۔ 30 جون 2020ءمیں طلب سے 1334 میگا واٹ اصافی بجلی ہو گی۔ جون 2021ءکو سسٹم میں طلب سے 4694 میگا واٹ اضافی بجلی کا تخمینہ ہے۔ اے این این کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو کراچی میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے قانونی چارہ جولائی کا فیصلہ کرلیا۔ نیپرا کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کے الیکٹرک بجلی کی عدم کی ذمہ دار ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نیپرا نے ادارے کو 14 روز کے اندر جواب داخل کرانے کا حکم جاری کردیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران عوام کو بلاتعطل فراہمی کا اعلان کردیا۔ اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ ایکسین پی ڈی سی فوکل پرسن ہوں گے اور بجلی فراہمی سے متعلق شکایات کا ازالہ کریں گے۔