ہرات : طالبان کا افغان بھارت دوستی ڈیم پر حملہ‘ 10 پولیس اہلکار ہلاک‘ چار زخمی
کابل(آئی این پی) افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں افغان بھارت دوستی ڈیم پر عسکریت پسندوں کے حملے میں10 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔افغان میڈیا کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب طالبان نے ضلع چشتی شریف میں سلمی ڈیم کی حفاظتی چوکی پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر کے 10 اہلکاروں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا، حملہ آور پولیس اہلکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔صوبائی پولیس چیف کے ترجمان گیلانی فرہاد نے بتایا کہ یہ حملہ طالبان نے کیا اور جھڑپ میں 4 طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال افغانستان کی حکومت نے سلمی ڈیم کا نام تبدیل کر کے افغان بھارت دوستی ڈیم رکھا تھا جس کا افتتاح 4 جون 2016 ءکو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔
افغانستان