;;مودی واشنگٹن پہنچ گئے‘ آج امریکی صدر سے ملاقات کرینگے
واشنگٹن (آن لائن+نیٹ نیوز)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ وہ آج امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کرینگے۔ اپنے دورے سے قبل انہوں نے ٹویٹر پر کہا کہ ”میں امریکی صدر سے وسیع تر تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔ میرے دورے کا مقصد بھارت امریکہ رشتے کو مضبوط کرنا ہے۔ اس سے دونوں ملکوں اور دنیا کو فائدہ ہوگا“۔ان کے دورے سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے ان رپورٹوں کو مسترد کر دیا کہ امریکہ بھارت کو نظرانداز کر رہا ہے۔ایک سینئر عہدے دار نے واشنگٹن میں کہا کہ ”صدر ٹرمپ اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ بھارت دنیا میں اچھائی کی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے اور اس کے ساتھ تعلقات کی اہمیت ہے“۔ادھر وہائٹ ہاو¿س کے پریس سیکرٹری شان سپائسر نے کہا ”صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم مودی جب ملاقات کریں گے تو ان کے درمیان وسیع تر تبادلہ خیال ہوگا“۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بات چیت کے دوران ایچ ون بی ویزا کا معاملہ بھی اٹھے گا تو انہوں نے کہا کہ ”امریکہ کی جانب سے اسے اٹھانے جانے کا امکان کم ہے۔ لیکن اگر بھارت اسے اٹھاتا ہے تو امریکہ اس کے لیے تیار ہے“۔امریکہ میں بھارتی سفیر نوتیج سرنا نے کہا ”دونوں رہنماو¿ں کی براہ راست ملاقات انہیں عالمی مفاد کے معاملات اور باہمی امور پر ایک دوسرے کے خیالات جاننے کا ایک موقع فراہم کرے گی“۔اسی درمیان بھارت کے خارجہ سیکرٹری ایس جے شنکر نے واشنگٹن میں امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کی۔ انہوں نے امریکی انتظامیہ کے دیگر عہدے داروں سے بھی ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق مودی‘ ٹرمپ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ مفادات‘ اقتصادی ترقی و خوشحالی کے فروغ، انڈوپیسفک ریجن میں سکیورٹی تعاون کو بڑھانے سمیت دیگر امو رپر بات ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پانچ گھنٹے تک طویل ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ دو روزہ دورے میں بھارتی وزیراعظم امریکی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔
مودی / ٹرمپ