ملک بھر میں عیدالفطر آج ہو گی‘ خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں منا لی گئی
لاہور/ مانچسٹر (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں+عارف چوہدری) شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفیتی منیب الرحمن کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب نے چاند کے نظر آنے کا اعلان کیا۔ آج لاکھوں فرزندان اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں بھی ادا کریں گے، عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات باشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاﺅن، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہونگے۔ پشاور، کوئٹہ، کراچی اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو بالعموم اور اہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ یہ مبارک موقع وطن عزیز، اہل وطن اور عالم اسلام کے لئے خیر و برکت اور باہمی اتحاد کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ عید کا تہوار رواداری، برداشت، امن، آشتی، ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں باہمی رنجشیں اور کدورتیں ختم کر کے بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ صدر نے عید کی مبارک ساعتوں میں رب کعبہ کے حضور دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں ہمیشہ اپنی نعمتوں نے نوازتا رہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر میں تمام اہلِ اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں دعاگو ہوں کہ یہ دِن تمام پاکستانیوں کے لیے بے شمار خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔انہوں نے کہا عیدالفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے۔ یہ تمام عالمِ انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے۔ یہ دن اپنے اندر ہمدردی ، ایثار اور درد دِل سمیٹے ہوئے ہے۔وزیراعظم نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گل دستہ ہے۔ہم سب مذہبی تہوار یکساں احترام کے ساتھ مناتے ہیں -جس طرح پاکستانی مسلم اپنے غیر مسلم بھائیوں اور بہنو ں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہوتے ہیں، اسی طرح غیر مسلم پاکستانی بھی عید کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ آج کے دن بھی بھائی چارے کا یہ جذبہ ہر بستی اور محلے میں دکھائی دے گا۔وزیراعظم نے کہا آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ہم نے ا ن عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کومسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں۔ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔جمعة الوداع کے مبارک دن، جس طرح بے گناہ اور معصوم شہریوں کو لہو میں نہلایاگیا،اس نے ہماری عید کی خوشیوں کو ماند کرد یا ہے۔پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں عام شہریوں سے لے کر سرکاری اہل کاروں تک، بے گناہ پاکستانی جس وحشت اور بربریت کا شکار ہوئے،اس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ہم سب متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری طرح شریک ہیں اوران کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرتے ہیں۔ علما ءکرام سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ عید کے خطبات میں امن اور بھائی چارے کا درس دیں اور لوگوں کوان جرائم پیشہ افراد کی حقیقت بتائیں جو بر بریت کے لیے مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں۔علما ءکرام عوام تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچائیں جو محبت اور مثبت اندازِ فکر سے عبارت ہے۔علما ءکرام عوام کو فرقہ واریت اور عدم برداشت پر مبنی رویے کے مضمرات سے آگاہ کریں۔ نیز انہیں تلقین کریں کہ وہ اس پر مسرت موقع پرضرورت مندوں ، محتاجوں، غربا اور مساکین کی مدد کر کے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ مذہبی رسوم کی ادائیگی ہر انسان کا بنیادی حق ہے ا ورکشمیریوں کو اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کوبنیادی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ جماعة الدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ آج عیدالفطر ہم ایسے ایام میں منا رہے ہیں کہ کشمیر میں بدترین قتل و غاری گری اور وطن عزیزپاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح بہاولپور میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے پیش آنے والے خوفناک سانحہ پر بھی پوری قوم غم کی کیفیت میں ہے۔ ان حالات میں ہمیں عیدالفطر کو بہت سادگی سے منانا چاہئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عیدالفطر کے موقع پر اسلامیان پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان مبارک ساعتوں میں اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور عالم اسلام کو اتحاد، امن کی دولت سے مالا مال کرے۔ انہوں نے شہر اعتکاف میں عید کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد ہزاروں معتکفین کو بھی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دے اور گمراہ عناصر کو اس دلدل سے نکلنے کی توفیق دے۔ پاکستان کو کرپشن،غربت اور نااہل حکمرانوں سے نجات دے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عیدالفطر کے مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں مسلسل بم دھماکے ہو رہے ہیں‘ بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں‘ سڑک کے المناک حادثات میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں‘ سیاسی افراتفری ہے‘ پڑوسی ممالک نے ہم پر چڑھائی کر رکھی ہے‘ ان واقعات نے پوری قوم کو دکھی اور رنجیدہ کر دیا ہے۔ آزاد اور باوقار قوم کی حیثیت سے جو خوشیاں ہمارا حق تھیں وہ ہم سے چھین لی گئی ہیں جس کے اصل مجرم عالم اسلام کے نااہل اور غلامانہ ذہنیت رکھنے والے حکمران ہیں۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خان، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سنیٹر پروفیسر ساجد میر اور دیگر سیاسی رہنما¶ں نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعا کی ہے۔ دوسری طرف ملک بھر میں دو عیدوں کی روایات برقرار، خیبر پی کے کے کچھ اضلاع سمیت فاٹا میں اتوار کے روز عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پشاور میں عیدالفطر کا بڑا اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈمیں منعقد ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ خیبر پی کے کے جن علاقوں میں عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے ان میں پشاور، مردان، صوابی، چار سدہ، بنوں، کوہاٹ جبکہ فاٹا کے شمالی و جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی شامل ہے۔ پشاور میں مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو 40 سے زائد شہادتیں موصول ہوئی تھی جس کی بنیاد پر مسجد قاسم علی خان نے اتوار کے روز عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ چارسدہ، صوابی، مردان ، بنوں اور شمالی وزیر ستان کی ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہونے کے بعد مقامی اضلاع میں عیدالفطر کا اعلان کیا تھا جبکہ پشاور میں مقیم افغان مہاجرین نے سعودی عرب کے اعلان پر اتوار کو عیدالفطر منائی۔ واضح رہے کہ مسجد قاسم علی خان کے پیش امام مفتی پوپلزئی اور نائب مولانا خیر البشر اجلاس میں شریک نہیں رہے اور ان کی جگہ کمیٹی کے ایک درجن سے زائد ارکان جن میں حنیف فاروقی، مولانا عبدالروف، قاری عاصم اور مفتی عبدالرحمن شامل تھے۔ مسجد قاسم علی خان کمیٹی کے ممبر حسین احمد مدنی کے مطابق مفتی پوپلزئی اور مولانا خیرالبشر کو دو دن قبل غائب کر دیا گیا ہے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا شہاب الدین پوپلزئی اس وقت دوبئی میں ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور نے پٹواریوں کو ہدایات جاری کیا تھا کہ جو بھی عید کا اعلان کریں ان کے نام اور پتہ نوٹ کرکے فوری طور پر انکے گھر ارسال کی جائے جن کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ علاوہ ازیں دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ معتمرین نے حرم شریف اور مسجد نبویﷺمیں نماز عید ادا کی۔ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، اردن، فلسطین سمیت کئی خلیجی ممالک، مصر اور جاپان میں اتوار کو عید الفطرمنائی گئی ،جبکہ برطانیہ سمیت یورپ میں بعض مکاتب فکر کے افراد نے بھی اتوار کو عید منائی اور بعض آج پیر کو عید منائیں گے۔ عراق میں سنی اوقاف کی طرف سے اعلان کے مطابق اتوار کو عید الفطر منائی گئی اس کے علاوہ جاپان، انڈونیشیا، ملائیشیامیں بھی عید منائی گئی ۔پیرس کی جامع مسجد نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا تھا عمان میں چاند نظر نہ آنے پر آج عید کا پہلا دن ہوگا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ماہ صیام کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے پڑھ کرسنایا۔شاہ سلمان نے اپنے عید پیغام میں حمد ثناءکے بعد سعودی عوام اور شرق وغرب میں پھیلی پوری مسلم امہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں عالم اسلام پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے، رواداری کے کلچر کو عام کرنے، اسلامی معاشروں میں تعاون اور تکافل کو فروغ دینے، مظلوم کی حمایت کرنے، رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنے اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی۔ کراچی میں بوہری جماعت نے بھی اتوار کو عید الفطر منائی ، کراچی میں نماز عید کا مرکزی اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ریجنٹ پارک مسجد میں عید نماز پڑھنے کی بجائے اچانک فیصلہ بدل کر پاکستانی ہائی کمشن میں عید ادا کی ان کے ساتھ فیڈرل اوورسیز کمشنر زبیر گل بیٹے حسن نواز، نواسے جنید صفدر نے بھی عید پڑھی۔ اچانک پلان کی سمجھ نہیں آئی انہیں ڈر تھا کہ کہیں وہاں عوام ان کے خلاف نعرے بازی نہ کر سکیں۔ اس کی بجائے ہائی کمشن کے عملے اور پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن حسن کے ساتھ نماز پڑھنے کو ترجیح دی۔ سابق صدرِ اور پاکستان پیپلز پارٹی پالیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور کی برائیاں عدم برداشت اور انتہا پسندی ہیں جس میں دوسروں پر اپنے خاص مذہبی رجحانات، اقدار اور تشریح کو زبردستی تھوپنا شامل ہیں۔ اس رجحان کے خلاف ہمیں لڑنا ہے اور اقدار کے خود ساختہ ٹھیکیداروں اور مذہب کی اپنی تشریح کرنے والے عناصر کو انکار کرنا ہے۔ آج ان لوگوںکو بھی یاد رکھنا چاہیے جنھوں نے ملک میں امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عید الفطر ایک مذہبی تہوار ہے۔ چاند کے نظر آنے اور نہ آنے کے فیصلے میں صوبائی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ یہ وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے۔ ہم علماءکی طرف سے شہادتیں اکٹھی کرنے کے پورے عمل سے لاتعلق رہے اور کسی بھی ایسی حرکت سے پرہیز کیا جس سے علماءکے شواہد اکھٹے کرنے کے عمل پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہو۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں لوگوں نے شہادتیں دیں اور علماءنے ان شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ایک دن پہلے پشاور آکر یہ شرعی عمل خود مکمل ہوتے دیکھتی۔ یہی قومی وحدت کیلئے پسندیدہ اور ناگزیر عمل ہوتا۔ صوبے میں حکومتی اختیار قائم اور نظر آرہا ہے، امن لوٹ چکا ہے۔ دہشت گردی اور شدت پسندی کے رجحانات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ مکمل امن کا حصول ہمارا ہدف ہے۔ حکومتی عملداری کے نتیجے میں ہم بتدریج اپنے اہداف کو حاصل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقہ نیابت مانکی شریف نوشہرہ میں عیدالفطر کے موقع پر عمائدین علاقہ، عام عوام اور مختلف وفود سے عیدالفطر کی مبارکبادکے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن، اتحاد اور در گزر عیدالفطر کی روح ہے۔
عیدالفطر