• news

احمد پور شرقیہ: ٹینکر ڈرائیور سمیت مزید 12 زخمی دم توڑ گئے‘ اجتماعی تدفین‘ سانحہ پر سیاست افسوسناک ہے: نوازشریف

بہاولپور+ ملتان+ لاہور (خصوصی رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر سانحہ میں زخمی ٹینکر ڈرائیور سمیت مزید12زخمی دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 164ہو گئی ہے۔ نشتر ہسپتال ذرائع کے مطابق 41 زخمی اب بھی ہسپتال کے برن یونٹ میں زیرعلاج ہیں، جن میں 5 افرادکی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ اس سے قبل ناقابل شناخت 126افراد کی میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی، اجتماعی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ قابل شناخت 28 افراد کی نعشیں تدفین کے لئے پہلے ہی ورثا کے حوالے کردی گئی تھیں۔ قبل ازیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں موجود ناقابل شناخت 125 میتوں کو ٹرکوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے بستی رمضان جوئیہ لایا گیا، جہاں اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ کے بعد تمام میتوں کو بستی نظیر آباد کے قبرستان لایا گیا اور لحد میں اتارا گیا، اس موقع پر ہر آنکھ نم اور اشکبار تھی۔ ناقابل شناخت میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے، جس کے تحت ہر تابوت پر ڈی این اے ٹیسٹ نمونے کے مطابق نمبرز لگائے اور انہی نمبروں کے تحت قبریں بنائی گئیں تاکہ رپورٹ آنے کے بعد ان نمبروں سے لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کو شناخت کرسکیں۔ ڈی این اے رپورٹ آنے میں دس دن لگ سکتے ہیں، اس لئے تمام افراد کی تدفین کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب ملتان کے نشتر ہسپتال برن یونٹ میں سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم کئے گئے۔ ڈاکٹر ناہید کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 10 لاکھ روپے کے چیک دئیے گئے۔ دریں اثنا آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر سانحہ کے بعد اپنا دورہ برطانیہ مختصر کرکے عید کے روز وطن واپس آکر حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان میں امدادی چیک تقسیم کئے جبکہ وزیراعظم کو سانحہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سب سے پہلے وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم جائے حادثہ پر بھی گئے اور بستی رمضان جوئیہ میں لواحقین سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وزیراعظم نے اپنے خطاب میں جاں بحق ہونے والوںکے لواحقین اور زخمیوں کو حکومت فوری طور پر ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ وہ اس واقعہ پر بہت دکھی ہیں یہ ایک المناک سانحہ ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے فوری طور پر بہاولپور آکر بحالی کے کاموں کی نگرانی کی۔ میں اس پر شہباز شریف کو شاباش دیتا ہوں اور ذمہ داری کا ثبوت دیا اور ایسا ہی ہونا چاہئے۔ ہسپتال میں دورہ کرکے آیا ہوں مریضوں سے ملا ہوں ۔ یہ معاوضہ زندگی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا زندگی قیمتی اثاثہ ہوتی ہے یہ دکھوں کا مداوا کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ زخمی مریضوںکو فوری طور پر دس لاکھ روپے ہسپتال میں ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اسی کے نتیجے میں بے روزگاری ختم ہوگی۔ ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے بہت سے علاقوں میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ زراعت کا شعبہ ہو یا صنعت کا ہر شعبے میں ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی منفی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہئے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعہ کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی گئی ہے رپورٹ میں کہا گیا ہائی وے اور مقامی پولیس تاخیر سے پہنچی‘ ضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی بھی تاخیر سے پہنچے۔ مقامی پولیس نے حادثے کی جگہ کو سیل کرنے میں تاخیر کی۔ ہائی وے پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو پیچھے نہیں ہٹایا جس سے بڑا حادثہ رونما ہوگیا۔ پرنسپل قائداعظم میڈیکل سیداجلال حیدر رضوی نے بتایا کہ سانحہ احمدپورشرقیہ میں اب تک 164 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ قبل ازیں سانحہ احمد پور کے 23 زخمیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عیدالفطر کی نماز بہاولپور میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ نماز عید ادا کرنے کے بعد لوگوں سے عید ملے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عید کے روز وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے ہمراہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق چیئرمین پی آئی اے چودھری احمد سعید کی گلبرگ میں واقع رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے والدہ کے انتقال پر چودھری احمد سعید‘ چودھری احمد مختار‘ چودھری احمد جاوید اور سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاکہ والدہ کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے اور ہم غم کی گھڑی میں آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن