• news

سند ھ میں جلد 45 ہزار نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی : بلاول

لاڑ کانہ (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں جلد ہی 45ہزار نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی۔ نوڈیرو ہائوس میں کارکنوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا سندھ حکومت بے روزگاری ختم کرنے کے لیے عملی طور پر کام کررہی ہے۔ آنے والے دنوں میں 45 ہزار نوکریاں دی جائیں گی جو کہ میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی ۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا پی پی نے خواتین کو نہ صرف سیاست بلکہ ملک بھر میں اہم مقام دیا۔دریں اثنا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ سبزی منڈی میں اوور ہیڈ برج کا افتتاح کردیا۔ افتتاح کے بعد کارکنان کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں اور جئے بھٹو کے نعرے لگائے گئے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے پنجاب کے تمام بڑے شہروں، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے دوروں، کارکنوں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کے لئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کی قیادت سے شیڈول مانگ لیا۔ بلاو ل بھٹو نے حالیہ دورہ لاہور اور ملتان کے دوران پنجاب کے شہر شہر جانے کا اعلان کیا تھا۔ بلاول بھٹو کی ہدایت پر وسطی اور جنوبی پنجاب کی قیادت نے شیڈول مرتب کرنا شروع کر دیا۔ وسطی اور جنوبی پنجاب کے صدور قمرزمان کائرہ اور مخدوم احمد محمود نے ڈویژنل اور ضلعی صدور سے تاریخیں مانگ لی ہیں۔ ڈویژن اور اضلاع سے آنے والی تاریخوں کی بنیاد پر بلاول بھٹو کے دورے کا شیڈول مرتب کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کا دورہ جولائی میں متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن