وزیر کو بندر کہنے پر سری لنکن باولر لاستھ مالنگا چھ ماہ کیلئے معطل
کولمبو (سپورٹس ڈیسک) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر فاسٹ با¶لر لاسیتھ مالنگا کو 6 ماہ کے لئے معطل کر دیا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم کردہ خصوصی انکوائری پینل کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے خود پر عائد الزامات کو تسلیم کیا اور معافی بھی مانگی جس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فاسٹ بولر کو 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم چھ ماہ کی سزا معطل تصور کی جائے گی اور اگر اس عرصے کے دوران ملنگا نے دوبارہ کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی تو پھر ان پر سزا کا اطلاق ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ ملنگا سے ایک ون ڈے میچ کی فیس کا 50 فیصد حصہ بطور جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ سزا کے باوجود وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ان کا نام 13 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا جاچکا ہے۔ ملنگا کے خلاف تحقیقات کرنےوالی تین رکنی انکوائری کمیٹی میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا، سی ای او ایشلے ڈی سلوا اور ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ اسیلا ریکاوا شامل تھی۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر سری لنکا کے وزیر کھیل نے کہا تھا کہ کرکٹرز بہت موٹے اور مقابلے کی سکت نہیں رکھتے جس پر لسیتھ مالنگا نے وزیر کا بندر سے موازنہ کیا تھا۔