قومی ٹیم کی بیٹربسمعہ معروف زخمی ‘ورلڈ کپ سے باہر ہوگئیں
لندن (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستانی خاتون کرکٹر بسمعہ معروف انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہیں۔بسمعہ معروف کو انگلینڈ کیخلاف گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگی تھی جس کے بعد انکی انگلی بھی فریکچر ہو گئی ہے تاہم انکا علاج جاری ہے مگر اب وہ ورلڈ کپ کے باقی میچز نہیں کھیل سکیں گی۔ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی ایونٹ کمیٹی نے پاکستان ٹیم کی زخمی ہونے والی کھلاڑی بسمہ معروف کی متبادل کھلاڑی ارم جاوید کی ٹیم میں شمولیت کی اجازت دیدی ہے۔ گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق بسمہ معروف جو انگلینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں ہاتھ کی انجری کا شکار ہو گئی تھیںپاکستان ویمن ٹیم مینجمنٹ نے ان کی متبادل کھلاڑی کا مطالبہ کیا تھا جس پر ارم جاوید کا نام آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی ایونٹ مینجمنٹ کو بھجوایا تھا جسے گزشتہ روز منظور کر لیا گیا۔ 25 سالہ ارم جاوید نے پاکستان کی طرف سے سات ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ 19 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 2 جولائی کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔