عید سے قبل قوم کو خوشیاں دینے پر فخر ہے : سرفراز احمد
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تکبر کرنے والوں کی شہرت دیرپا نہیں رہتی۔ کامیابی کا سفر عاجزی اور انکساری کے ساتھ ہی جاری رہتا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد جس طرح لوگوں کی محبتیں مل رہی ہیں اس کی دل سے قدر کرتا ہوں اور ساتھ ہی مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہماری ٹیم نے اس سال چیمپئنز ٹرافی جیت کر لوگوں کی خوشیاں دوبالا کردیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی میں نے عید کی نماز کے بعد سب سے پہلے محلے والوں اور ملاقات کے لئے آنے والوں سے عید ملی۔ اس کے بعد عزیز واقارب سے عید ملنے گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں اپنے دور کے عالمی شہرت یافتہ بلے باز ویون رچرڈ سے بہت مفید مشورے ملے جو میرے کام آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی میں نے اپنے ملک کے سابق کھلاڑیوں سے رہنما حاصل کرتا رہتا ہوں۔ مجھے آج اس مقام پر پہنچانے میں اعظم بھائی، ندیم عمر، سراج الاسلام بخاری اور ظفر بھائی کا بہت بڑا کردار ہے۔ ان لوگوں کی دل سے قدر کرتا ہوں۔ چیمپئنز ٹرافی جیتنا عید سے قبل عید تھی۔ بھارت کے خلاف جیت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 180 رنز سے فتح بڑی کامیابی ہے جس کو ایک طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سرفراز احمد نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد لوگوں کی توقعات بڑھ گئی ہیں کوشش کریں گے کہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ فائنل میں بھارت کو ہرانے کی بہت خوشی ہے، کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ اچھے مقام پر کرکٹ کو خیرباد کہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے کئی کھلاڑی قومی ٹیم کو ملے، اس پر کرکٹ بورڈ اور ٹورنامنٹ کی انتظامیہ قابل تحسین ہے۔ سرفراز احمد نے سپورٹ کرنے اور وطن واپسی پر شاندار استقبال پرعوام کا بھی شکریہ ادا کیا جبکہ پوری قوم کو عید کی مبارک باد دی۔