مجھے لڑکوں کے ساتھ ہی پریکٹس کرنا پڑتی تھی: ناہیدہ خان
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی اوپنر بی بی ناہیدہ خان اچکزئی کسی بھی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گیں ہیں۔ یہ اعزاز انھیںجنوبی افریقہ کےخلاف پاکستانی ٹیم کے پہلے میچ کے دوران حاصل ہوا۔ ناہیدہ خان نے 101 گیندوں پر 79 رنز نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایسے وقت بنائے جب پاکستان کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گر رہی تھیں۔ اس سے پہلے ان کا سب سے زیادہ سکور آئرلینڈ کے خلاف 72 تھا۔ناہیدہ خان صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی ہیں جو بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے نویں اور آٹھویں نمبر پر بھی کھیلا ہے۔ کھبی کھبی دل برداشتہ بھی ہو جاتی تھی مگر میں نے ہمت کھبی نہیں ہاری اور یہی وجہ ہے کہ آج یہاں تک پہنچی ہوں۔بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا۔ جب آنکھ کھولی تو کرکٹ دیکھنا شروع کیا۔ بچپن میں بھایﺅں کے ساتھ کھیلتی تھی۔ کوئٹہ کے گلی محلے میں کرکٹ کھیلنے والی واحد لڑکی تھی۔ اسی لیے لوگ نہ صرف حیران ہوتے تھے بلکہ تنقید بھی کرتے تھے کہ لڑکی ہو کر باہر لڑکوں کے ساتھ لڑکوں والا کھیل یعنی کرکٹ کھیل رہی ہے۔جب جوان ہوئی تو گھر سے باہر نکلنا ہی مشکل ہو گیا۔ لیکن جب 2007 میں سکول میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹرائلز ہوئے تو میں نے حصہ لیا اور میں سلیکٹ ہوگئی۔