.شام :امریکی اتحادی طیاروں کا داعش کی جیل پر حملہ 57 قیدی ہلاک
د مشق (آئی این پی+ آن لائن ) شام میں داعش کے زیر قبضہ ایک قصبے میں واقع جیل پر فضائی حملے میں 57قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں داعش کے زیر قبضہ ایک قصبے میں واقع جیل کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے کہا امریکہ کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے شام کے شہر المیادین میں قائم داعش کی جیل کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ اتحادی فوج کے ایک ترجمان نے بیان میں کہا کہ واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔امریکی اور فرانسیسی صدور نے شام میں کسی بھی ممکنہ کیمیائی حملے کا مل کر بھرپور طریقے سے جواب دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے شام کے بحران کے حل کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب ایمانویل میکرون کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت میں شام میں ممکنہ کیمیائی حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ٹرمپ اور میکرون شام میں کیمیائی حملے کا مل کر جواب دینے پر متفق ہیں۔ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانویل ماکرون نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 14 جولائی کو فرانس کے قومی دن کی مناسبت سے فوجی پریڈ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دورہ پیرس کے بارے میں غور کررہے ہیں۔