سری لنکن حکومت نے قومی کرکٹرز کو فٹنس ٹھیک کرنے کیلئے 3ماہ کی مہلت دیدی
کولمبو(سپورٹس ڈیسک) سری لنکن حکومت نے اپنے کرکٹرز کو فٹنس کے حوالے سے سخت وارننگ جاری کردی،کرکٹرز کو خبردار کیا ہے کہ یا تو وہ 3 ماہ کے اندر اپنی فٹنس بہتر بنائیں یا پھر کھیل سے باہر ہونے کے لیے تیار ہوجائیں۔ وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا کا کہنا ہے کہ اس وقت کوئی بھی ایسا کرکٹر نہیں ہے جس کا فٹنس لیول تسلی بخش ہو ، اب چونکہ زمبابوے کے خلاف سیریز سر پر ہے اس لیے کھلاڑیوں کو استثنیٰ دےدیا ہے لیکن ساتھ میں ان کو خبردار کررہا ہوں کہ اگر وہ تین ماہ کے اندر اپنی فٹنس بہتر نہیں بنائیں گے تو انھیں ٹیم سے باہر کردیا جائےگا۔ یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی جب زمبابوے کےخلاف ہوم سیریز سے قبل بہت سے کرکٹرز کے فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔