ایشین سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر بقیہ انعامی رقم کے تاحال منتظر
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) 2015ءکے ایشیئن سنوکر چیمپیئن حمزہ اکبر حکومت پاکستان کی جانب سے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم میں سے بقیہ 10 لاکھ روپے کے ابھی تک منتظر ہیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حمزہ اکبرکا کہنا تھا کہ انہوں نے ایشیئن چیمپیئن بننے کے بعد انگلینڈ میں پروفیشنل سنوکر کھیلی اس دوران وہ کچھ پروفیشنل ٹورنامنٹس بروقت ویزے نہ ملنے کے باعث نہیں کھیل سکے چنانچہ انہوں نے ایشیئن بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن سے درخواست کی ہے کہ انہیں مزید پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے وائیلڈ کارڈ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ سنوکر چیپمئن شپ کھیلنے کیلئے شاہرام چنگیز کے ہمراہ چند دنوں میں چین جائیں گے۔ حمزہ اکبر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی خوشی میں ایک ایک کروڑ روپے دئیے جارہے ہیں یہ خوشی کی بات ہے مگر مجھے ایشیئن چیمپیئن بننے پر جن 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیاگیا تھا وہ دو سال گزرنے کے باوجود ابھی تک 15 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے وافر فنڈز درکار ہیں میں وزیراعظم اور وفاقی وزیر کھیل سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے بقیہ 10 لاکھ روپے فی الفور ادائیگی کے احکامات جاری کریں۔