ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، حکومت توجہ دے، اظہر شاہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، حکومت اس کھیل پر توجہ دے۔ فنڈز کی کمی کے باعث کئی ایونٹ میں اپنی مدد آپ کے تحت انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی جاتی ہے، حکومت کو کرکٹ اور ہاکی کی طرح اس کھیل پر بھی توجہ دینی چاہئے، اگر حکومت مدد کرے تو ہمارے کھلاڑی بھی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ قومی ٹیم ستمبر میں ناروے میں کھیلی جانے والی عالمی سائیکلنگ چمپئن شپ میں شرکت کرے گی جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں متعلقہ یونٹس کو ہدایت کر دی گئی ہیں کہ وہ جشن آزادی کے سلسلہ میں اپنے، اپنے علاقوں میں سائیکلنگ ریس کا انعقاد کروائے۔ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ملک میں ترقی نہیں کر سکتا اور حکومت کی جانب سے گرانٹ کافی کم ملتی ہے۔ اس گرانٹ سے بہت کم ایونٹس منعقد کئے جا سکتے ہیں۔ ہماری فیڈریشن سال میں دس گیارہ قومی سطح کے سائیکلنگ ریس ایونٹس اور کوچنگ کورس کا انعقاد کرواتی ہے اس کے علاوہ کئی انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی شرکت کرتی ہے۔