.فلپائن : قومی ترانے کا احترام لازمی قرار، خلاف ورزی پر سزا و جرمانہ ہو گا
منیلا(این این آئی) فلپائن کے ایوان نمائندگان نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت قومی ترانہ گرم جوشی اور ملی جوش و جذبے سے نہ پڑھنے والے افراد کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔بل کو قانون کا درجہ حاصل کرنے کیلئے سینیٹ سے منطوری درکار ہے،بل کے مسودے کے مطابق قومی ترانہ ملی جوش و جذبے سے نہ پڑھنا قابل سزا جرم ہوگا جس کی سزا ایک برس تک قید اور 2 ہزار ڈالر تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ دوسری بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کو سزا و جرمانہ ایک ساتھ کیا جائیگا ٗ مقامی اخبارات میں اس کی تصویر کے ساتھ سرزنش کی جائے گی۔بل کے مطابق جب بھی عوامی مقامات پر قومی ترانہ بجایا جائے وہاں موجود تمام افراد پر لازم ہوگا کہ وہ اس کے احترام میں کھڑے ہوجائیں، اپنا چہرہ قومی پرچم کی جانب کرلیں اور اگر پرچم موجود نہ ہو تو اس طرف منہ کرلیں جہاں سے ترانہ پڑھا جارہا ہے اور پوری جوش و جذبے کے ساتھ ترانہ پڑھیں۔ ترانے کے دوران کوئی بھی ایسی حرکت جس سے اس کا وقار مجروح ہوتا ہو قابل سزا ہوگی۔بل میں فلپائن کے تمام سکولوں پر زور دیا گیاکہ وہ بچوں کو ترانے کی طرز اور الفاظ مکمل طور پر یاد کرائیں جبکہ یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ وہ لوگ جو اپنے مذہبی عقائد کی وجہ سے ترانہ نہیں پڑھ سکتے انہیں استثنیٰ حاصل ہوگا البتہ ان پر ترانے کے دوران احتراماً کھڑا ہونا لازم ہوگا۔