ملک قوم کے تحفظ کیلئے تاجر برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ٹھوس اقدامات اور ان گنت قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک و قوم کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ جنرل قمرباجوہ مختلف مکتبہ ہائے فکر کے علماء کرام سے ملاقاتیں کرکے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام سے خائف ہیں اور اسے ناکام بنانے کی گھنائونی سازش کررہے ہیں لیکن حکومت اور مسلح افواج کے فوری اقدامات اور بہترین حکمت عملی کی وجہ سے وہ اپنے عزائم پورے نہیں کرپارہے۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ ساری قوم دہشت گردی کے سانحات میں جاں بحق شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اْن اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے ملک کو تحفظ دینے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو ناکامی سے منسلک نہ کیا جائے کیونکہ قلیل وقت میں مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ملک و قوم سے وابستگی ثابت کی ہے۔