• news

ملک بھر میں ریلوے اراضی پر ’’کارٹ مارٹ‘‘ بنانے کی منظوری

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر میں ریلوے کی زمینوں پر ’’کارٹ مارٹ‘‘بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ ریلویز کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو مختلف شہروں اور قصبوں میں ریڑھیوں کے خوبصورت بازار قائم کرنے کے لیے مناسب جگہوں کی نشاندہی، بازاروں اور ریڑھیوں کی خوبصورت ڈیزائننگ سمیت دیگر تفصیلات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ کارٹ مارٹ ریلوے کے نام سے منسوب ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر قرض حسنہ فراہم کرنے والے ادارے ’’اخوت‘‘کے ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب سے بھی رابطہ کیا اور اس تجویز سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ اخوت ان ریڑھی بازاروں میں مستحقین کو ریڑھیوں پر کاروبارکے لیے بغیرسود کے قرض فراہم کرے۔ ڈاکٹرامجدثاقب نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ’’اخوت‘‘اس سلسلے میں پہلے ہی ریڑھیوں کے ڈیزائن تیار کر چکی ہے۔ دریں اثناء خواجہ سعد رفیق نے بارشوں کے دوران ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے حکام کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیںہمارے مسافر ہمارے لیے اہم ہیں بارشوں اوردھند میں آپریشنل مسائل پیداہوتے ہیں ان کوجلد حل کیاجائے۔

ای پیپر-دی نیشن