صلاح الدین ہیرو ہیں: سراج الحق‘ 9 جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کا اعلان
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کی شدید مذمت کی اور کہا اس اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔9 جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا جے آئی ٹی فیصلے کے بعد بیرونی بنکوں میں موجود ملکی دولت پاکستان لائیں گے۔ کرپٹ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک انبار لگا لئے ہیں، لوٹی گئی دولت اور موجودہ و سابقہ حکمرانوں کے اثاثوں کو بے نقاب کرنے کیلئے جماعت اسلامی ویب سائٹ بنائے گی۔ کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عوام ہمارا ساتھ دیں۔کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دینے والے اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے اداروں کا قبلہ درست کرکے انہیں قومی ادارے بنائیں گے ۔ سب سے بڑا دہشت گرد خود امریکہ ہے جو بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے۔امریکہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم کرنے کیلئے کھل کر سامنے آگیا ہے ۔مودی کل تک دہشت گرد تھا اور یورپ اور امریکہ میں اس کے داخلے پر پابندی تھی اور آج ٹرمپ کا جگری یار ہے ۔ استعماری اور سامراجی قوتوں نے اسلامی تحریکوں کو ہدف بنا رکھا ہے ۔ ہماری خارجہ پالیسی پہلے دن سے امریکی مفادات کے گرد گھومتی رہی ہے مگر 70سالہ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے کبھی ہمارا ساتھ نہیں دیا ۔ آج ملک کا کوئی وزیر خارجہ ہے نہ خارجہ پالیسی ہے ۔حکمران امریکی ڈکٹیشن پر فیصلے کرتے ہیں ، حکمران امریکہ کی ناراضی سے ڈرتے ہوئے کشمیری قوم سے بے وفائی اور شہداکے خون سے غداری کررہے ہیں۔ امریکہ کا ساتھ دینا حکمرانوں کی مجبوری ہوگی ،پاکستان کے 20کروڑ عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے پارا چنار‘ کوئٹہ‘ کراچی اور بہاولپور کے سانحات سے متعلق تحریک التواء اور تحاریک سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہیں۔سینیٹر سراج الحق سانحہ احمد پور شرقیہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کیلئے بہاولپور چلے گئے۔ صبح 9 بجے مقامی قیادت کے ساتھ جائے حادثہ پر شہداء کیلئے دعائے مغفرت کریں گے۔