نکیال سیکٹر: بھارتی گولہ باری سے 5 شہری زخمی‘ پاک فوج کا بھرپور جواب
مظفرآباد ( آن لائن) بھارت کی جانب سے ایک بار پھر آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ، کوٹلی نکیال سمیت چکوٹھی کھلیانہ کے مقام پر سول آبادی پر گولہ باری ، پاک افواج کی جانب سے منہ توڑ جواب ، دشمن کی گنیں خاموش ہوگئی جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں اور خندقوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے آج (جمعہ) کی صبح ہی کوٹلی نکیال موڑا، درہوتی، پولی اور کھپ کے علاقوں میں سول آبادی پر مسلسل گولہ باری کی گئی جبکہ ساڑھے 7بجے لائن آف کنٹرول چکوٹھی کھلہانہ سیکٹر پر بھی بھارتی افواج کی جانب سے گولہ باری کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں عوام کی ایک بڑی تعداد خندقو ں اور گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی جبکہ سینکڑوں افراد نے نقل مکانی کرکے قریبی شہروں ، کوٹلی اور مظفرآباد کی جانب رُخ کرلیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فو ج کی جانب سے عید کے چوتھے روز مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھمبر ، کوٹلی ، درہ شیر خان اور چکوٹھی سیکٹر کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گولہ باری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ متعدد مکانات اور دکانیں تباہ ہوگئیں جبکہ فائرنگ کا سلسلہ پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد تھم گیا اور دشمنوں کی گنیں خاموش ہوگئی۔