• news

چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں تقریبات کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا

لاہور(چودھری اشرف) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان ٹیم کے اعزاز میں اگلے ہفتے سے تقریب کا آغاز ہوگا۔ سب سے پہلے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے 5 جولائی کو پی ایم ہاوس اسلام آباد میں تقریب ہوگی جس میں کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے فی کس اور ٹیم آفیشلز میں پچاس لاکھ روپے فی کس انعامی رقم کے چیک تقسیم کیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کرنا ہے جس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے بھی میگا ایونٹ میں کامیابی پر کھلاڑیوں کے لیے دس دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی یونس خان کے اعزاز میں بھی تقریب کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم بھی پاکستان کرکٹ کو مل جائے گی جو تمام کی تمام کھلاڑیوں میں تقسیم ہوگی۔ آئی سی سی کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کی 22 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم پاکستان ٹیم کے حصے میں آئی ہے۔ انعامی رقم 17 حصوں میں تقسیم کی جائے گی جس میں ہر کھلاڑی کو 1.3 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ چیمپیئنز ٹرافی کی انعامی رقم سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کچھ نہیں ملے گا۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے راونڈ اور سیمی فائنل میچ کی انعامی رقم بعد میں ملے گی وہ بھی اسی فارمولے کے تحت کھلاڑیوں میں ہی تقسیم کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پی سی بی تاحال کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن