بورڈ سے معاہدہ ختم ‘200آسٹریلوی کرکٹرز بیروز گار ہوگئے
سڈنی (سپورٹس ڈیسک )مالی معاملات کے تنازع پر کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان نیا معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے کم از کم 200کھلاڑی بیروزگار ہوگئے ہیں ۔ پہلے سے طے شدہ کنٹریکٹ گزشتہ روز ختم ہوگیااور نیا سمجھوتہ نہیں ہوسکا ہے ۔گورننگ باڈی نئے سرے سے کھلاڑیوں سے معاہدے کرے گی ۔ کھلاڑیوں کی یونین نے کل ملاقات کرے گی جس میں جنوبی افریقہ کیخلاف آسٹریلیا کی اے ٹیم کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ٹور میں دو چار روزہ میچ شامل ہیں جو بارہ جولائی سے شروع ہونگے ۔ بورڈ نے مینز اور ویمنز ٹیموں کو معاوضہ میں اضافے کی پیشکش کر دی ہے ۔اگر کوئی سمجھوتہ نہ ہوسکا تو دورہ بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ ایشز سیریز بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کو کم از کم 230 مرد اور خواتین کھلاڑیوں سے ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل ٹورز کیلئے معاہدہ کرنا ہے ۔ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان آج دوبارہ بات چیت کا امکان ہے ۔کینگروز نے اگست میں دورہ بنگلہ دیش کرنا ہے جو خطرے میں پڑ گیا ہے ۔