تیل کی کم قیمت عالمی ترقی کیلئے خطرہ ہے،میاں زاہد حسین
کراچی (این این آئی) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی عالمی ترقی کیلئے خطرناک ہے۔ تیل کی کم قیمت دنیا کو انرجی سیکورٹی کے بحران کی طرف دھکیل رہی ہے۔مشرق وسطیٰ اور خلیج کے سستے تیل اور گیس پر عالمی انحصار بڑھ رہا ہے جس سے انکے ذخائر پر دبائو بڑھ گیا ہے جبکہ تیل کی مہنگی پیداوار کے سبب مغربی ممالک میں توانائی کی صنعتیں دیوالیہ ہو رہی ہیں ۔بڑھتے ہوئے ڈیفالٹ کے سبب بینکوں نے آئل اینڈ گیس کمپنیوں کو قرضے دینا بند کر دئیے ہیں جس سے صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی ہے۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی سطح پر توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ تیل کی آمدنی پر انحصار کرنے والے کئی مغربی اور اسلامی ممالک کے بجٹ غیر متوازن ہو چکے ہیں جس سے معاشی سست روی پیدا ہوئی ہے۔