• news

پارلیمنٹ کو اختیار نہ دیتا تو میاں صاحب تاحیات صدر رہتے‘ گندے انڈوں کو عمران سمیت کوئی ٹکٹ نہیں دے گا : زرداری

مورو+نوشہرہ فیروز (نمائندگان نوائے وقت) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب 4 برسوں میں 4 مرتبہ اسمبلی آئے، مری میں اپنے جانوروں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور خود کو وزیراعظم و ایوان کا لیڈر سمجھتے ہیں، پارلیمنٹ کی طاقت اپنے پاس رکھتا تو نواز شریف وزیراعظم نہیں بن سکتے تھے، پیپلزپارٹی نے بین الاقوامی تعلقات اور قومی ترقی کو جلا بخشی، گندے انڈوں پر نظر نہ رکھیں، ان کو آئندہ بھی ٹکٹ نہیں ملے گا، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلاول اور آصفہ آپ کی مستقبل کی قیادت ہیں، ان کا ساتھ دیکر قومی ترقی و بہتر مستقبل کو یقینی بنائیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہار مورو میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا، سابق صدر نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ جو لوگ جمہوریت کے ٹھیکیدار بننے کے دعوے کر رہے ہیں وہ جمہوری نظام کو پا¶ں تلے کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، نواز شریف سے تو محمد خان جونیجو زیادہ مرتبہ اسمبلی آئے، اگر یہی معیار رہا تو اگلا وزیراعظم پوری مدت میں ایک بار یا بالکل ہی اسمبلی نہیں آئے گا، چین کے ساتھ دوستی بھٹو نے مضبوط بنائی جسے ہم نے آگے بڑھایا اور آج پاک چین دوستی کے جو ثمرات مل رہے ہیں یہ نواز شریف کا نہیں بلکہ ہمارا کارنامہ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرف سے مسائل میں گرا ہوا ہے، عالمی سطح پر ہم تنہائی کا شکار ہو رہے ہیں، کشمیر میں بھارتی مظالم عروج پر ہیں لیکن سیاست و حکمرانی میں دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے میاں صاحب خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، بلاول نے 2سال پہلے کہا تھا کہ مستقل وزیر خارجہ رکھ لیں لیکن ہماری بات نہ سنی گئی، کشمیر کا مسئلہ ہمارا اپنا ہے اس لئے اس کی بات کرتے رہیں گے، نواز شریف کو اچھا لگے یا برا عوامی مفاد کیلئے لڑتے رہیں گے، عمران خان نے سیاست کا مذاق بنایا ہے، ہمارے گندے انڈوں پر نظر نہ رکھیں جو عمران خان کے ساتھ مل گئے ہیں کیونکہ ان گندے انڈوں کو آئندہ انتخابات کیلئے عمران خان سمیت کوئی بھی ٹکٹ نہیں دے گا، ان کو صرف تصویروں کیلئے رکھا گیا ہے، ملک مسائل شکار ہے لیکن عوام مایوس نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ دوست اکثر کہتے ہیں کہ آپ نے اختیارات واپس کیوں کئے اپنے پاس کیوں نہیں رکھے جبکہ سیاست میں بہت دور سوچنا پڑتا ہے اگر میں پارلیمنٹ کو اختیارات نہ دیتا تو میاں صاحب صدر ہوتے وزیراعظم نہیں بنتے آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب اگر صدربنتے تو تاحیات صدر رہتے ۔ بھارت نے ناگالینڈ، نیپال سمیت دوسرے علاقوں کو ہڑپ کر رکھا ہے جس پر دنیا وہاں نہیں دیکھتی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بیٹیاں ایک ٹوئٹ کرتی ہیں تو مجھے اور پارٹی کو سوچنا پڑتا ہے کہ اس شخص کو پارٹی میں لیں یا نہیں لیں۔اگلی حکومت ہماری ہوگی

زرداری

ای پیپر-دی نیشن