ریمنڈ کی کتاب سیاسی عسکری تعاون کی شرمناک داستان‘ ہر پاکستانی پڑھے : عمران
اسلام آباد (ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سی آئی اے ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس کی کتاب سے ثابت ہو گیا کہ ملکی قیادت نے مل کر قاتل کو آزاد کرایا ۔ ہر پاکستانی اس کتاب کا مطالعہ کرے تاکہ حقیقت کا ادراک ہو سکے۔ انہوں نے اس ردعمل کا اظہار ہفتے کو ریمنڈ ڈیوس کی کتاب پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر اپنے بیان میں کیا۔ عمران خان نے کہا پوری ملکی قیادت کا سی آئی اے کے ایجنٹ اور پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو آزاد کرانا انتہائی افسوسناک ہے اور یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر ہماری عزت نہیں کی جاتی بلکہ غلاموں کی طرح برتاﺅ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہر پاکستانی ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کا مطالعہ کرے تاکہ وہ جان سکیں کہ آخر وہ کونسی کرتوتیں ہیں جن کی بنا پر عالمی سطح پر ہم ذلیل و خوار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا یہ کتاب ایک قاتل کو بچانے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کے تعاون کی شرمناک داستان ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان آج لاہور آئیں جہاں وہ ریٹائرڈ فوجی افسروں اور مزدوروں کے وفد سے ملاقاتیں کرینگے اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے سے نکاح کی تقریب میں شرکت کرینگے۔
عمران