باڈی بلڈنگ کرنے والی بھارتی بھومکا شرما نے ورلڈ چیمپئن شپ جیت لی
لندن (سپورٹس ڈیسک )اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والی ورلڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں بھارت کی بھومکا شرما نے مس ورلڈ کا خطاب جیتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ انھیں باڈی بلڈنگ کرنے کی ترغیب ان کی ماں سے ملی تھی جو خود بھی ایک ایتھلیٹ رہ چکی ہیں۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں مردوں کا زیادہ غلبہ ہے۔ ہمارا معاشرہ خواتین کو باڈی بلڈنگ کرتے قبول نہیں کرتا۔ جب میں نے تربیت شروع کی، تو لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے۔ لیکن جب میرے مسلز بن گئے، تو انھوں نے میرا مذاق بنانا چھوڑ دیا۔ اٹلی میںچیمپئن شپ میں بھارت کی نمائندگی کرنے والی وہ اکیلی خاتون تھیں۔
اس مقابلے میں پوری دنیا سے کل 500 مردوں اور 50 خواتین نے حصہ لیا تھا۔اپنے زمرے میں بھومکا نے دنیا بھر سے آنے والی 50 خواتین کو شکست دے کر یہ خطاب جیتا ہے۔ اس چیمپیئن شپ میں انھیں باڈی پوڑنگ کے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل ہوئے۔اس طرح کے مقابلوں میں پہنے جانے والے لباس سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو انھوں نے بتایا کہ انھیں اس کے لیے بکینی پہننا پڑتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ شروع میں انھیں بکینی پہننے میں ہچکچاہٹ محسوس ہوتی تھی لیکن انھوں نے پورے اعتماد سے اس کا بھی سامنا کیا۔بھومکا بتاتی ہیں کہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے انھیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کھانا پینا کافی مختلف اور ذرا مشکل تھا۔ وہ ہر دو گھنٹے میں پروٹین سے بھرپور خوراک لیتی تھیں اور روزانہ دوڑ لگاتی تھیں۔مس ورلڈ چیمپئن کے خطاب کے بعد اب وہ مس یونیورس کے مقابلے کی تیاری میں لگ گئی ہیں جو اسی سال دسمبر میں ہونے والا ہے۔