حکومتی اخراجات زیادہ‘ آمدن کم‘ ایک ہفتے میں ریکارڈ 158 ارب کے نئے نوٹ جاری
لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت نے آ مدنی کم اور اخراجات زیادہ ہونے پرنئے نوٹ چھاپنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے ایک ہفتے میں روزانہ اوسط 22 ارب 57 کروڑ کے نوٹ جاری کیے گئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 158 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کیے جس سے ملک میں زیر گردش نوٹوں کا حجم ملکی تاریخ میں پہلی بار 41 کھرب 99 ارب 2 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر گیا جبکہ جاری شدہ نوٹوں کی مالیت 41 کھرب 99 ارب 19 کروڑ روپے ہو گئی ۔قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے سے قبل حکومت اخراجات پورے کرنے کے لیے قرضوں پر انحصار کر رہی تھی لیکن بجٹ کے اعلان کے بعد سے نوٹ چھاپنے کی رفتار تیز ہو گئی۔ بجٹ کے بعد چار ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 321 ارب 42 کروڑ روپے مالیت کے نوٹ جاری کیے جا چکے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ رواں مالی سال اب تک حکومت اخراجات پورے کرنے کیے لیے مرکزی بینک سے 11 کھرب 12 ارب روپے قرض بھی لے چکی ہے۔اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت کی آمدنی کم ہونے کی وجہ سے اس کے اخراجات پورے نہیں ہوتے،، جس کی وجہ سے نئے نوٹ چھاپنے کی ضرورت پڑتی ہے۔