سا نحہ سمجھوتہ ایکسپریس: پاکستان نے گواہ بھارت بھیجنے کیلئے مزید مہلت مانگ لی‘ بھارتی میڈیا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے 13گواہوں کو بھارت بھیجنے کیلئے مزید 4 ماہ کا وقت مانگ لیا ہے۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس کے 13گواہوں کو بھارت بھیجنے کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے مزید چار ماہ کا وقت مانگا ہے ۔ پاکستان نے سفارتی ذرائع سے آگاہ کیا ہے کہ بھارتی عدالت کے سامنے گواہوں کو پیشی کیلئے بھجوانے سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے مزید چار ماہ کا وقت درکا ر ہے ۔گزشتہ ماہ بھارت نے سمجھوتہ ایکسپریس کیس میں 13 پاکستانی گواہوں کی طلبی کیلئے عدالتی سمن پاکستان کے حوالے کیے تھے ۔سمن ہریانہ کے علاقے پنچکولا کی ایک ٹرائل کورٹ کی طرف سے جاری کیے جو سفارتی ذرائع سے پاکستانی حکام کے حوالے کئے گئے تاہم فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ 13پاکستانی شہری پنچکولا کی عدالت میں پیش ہوئے کہ نہیں انکی شناخت معلوم نہیں ہوسکی ۔ واضح رہے کہ 18 فروری 2007 کو پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کی پاکستانی بوگیوں کو پانی پت ہریانہ سے گزرتے ہوئے انتہاپسند ہندو گروپ کے کارندوں نے بم دھماکے کا نشانہ بنایا اور اس میں سوار 100 کے لگ بھگ پاکستانی مسافر شہید ہوئے تھے۔