جھاڑ کھنڈ: بڑا گوشت لیجانے پر مسلمان کا وحشیانہ قتل، بی جے پی کا غنڈہ، 2ساتھی گرفتار
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست جھار کھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں 4روز قبل بڑا گوشت گاڑی میں رکھ کر لیجانے والے مسلمان کو سرعام وحشیانہ تشدد کے بعد قتل کرنے کے سانحہ میں ملوث بی جے پی کے انتہا پسند ہندو رہنما اور اس کے 2ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا پولیس نے نتیانندمہاتو سمیت 10ہندو غنڈؤں کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا پولیس حکام کے مطابق ان غنڈؤں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے 30سالہ علیم الدین انصاری کی گاڑی کا پیچھا کیا اور سڑک کے بیچ روک کر علیم کی گاڑی الٹا کر جلا ڈالی اور علیم کو بری طرح مارا پیٹا اس واقعہ کے بعد علاقے میں پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری بدستور تعینات ہے۔ دوسری طرف ملک میں ہجوم کے ہاتھوں ’’خونین انصاف‘‘ کے خطرناک رجحان اور بڑھتی ہندو انتہا پسندی کیخلاف سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی پوتی اور راجیو گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی بھی بول اٹھیں بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہجوم کے ہاتھوں لوگوں کے قتل کے واقعات پر ان کا خون کھول اٹھتا ہے جب میں ٹی وی یا سوشل میڈیا پر ایسے واقعات سے متعلق دیکھتی اور پڑھتی ہوں تو مجھے بہت غصہ آتا ہے اور میرے خیال میں ہر مثبت سوچ رکھنے والے بھارتی کا خون کھولنا چاہئے اس سے قبل کانگریس پارٹی کے ترجمان اخبار نیشنل ہیرالڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے گائے کے نام نہاد محافظوں کے سر عام تشدد سے مسلمانوں کو مار ڈالنے کے بڑھتے واقعات پر اپنی تشویش کا پھر اظہار کیا انہوں نے کہا کہ جب ہجوم کے ہاتھوں ’’انصاف‘‘ یا قتل کے واقعات قابو سے باہر ہو جائیں تو بھارتی قوم کا فرض بنتا ہے کہ وہ انہیں روکیں اور ثابت کریں کہ آپ بیدار مغز قوم ہیں جو اپنے حقوق کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔