نیب قوانین منسوخی بل سندھ اسمبلی میں آج پیش ہوگا، اپوزیشن کا عدالت جانے کا فیصلہ
کراچی+ نوابشاہ (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں نیب قوانین کی منسوخی کا بل آج پیش کیا جائے گا، بل منظور ہوا تو تحقیقات صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو منتقل ہو جائیں گی۔ نیب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں منتقل ہو جائیں گے جن کا اطلاق پورے سندھ میں فوری طور پر ہوگا تاہم اعلیٰ عدالتوں میںنیب مقدمات کو چیلنج کرنے سے متعلق اپیلوں کی سماعت جاری رہیگی۔ مقدمات کو نیب کے پراسیکیوٹرز کی بجائے ایڈووکیٹ جنرل آفس ڈیل کرے گا تمام ارکان سندھ اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نواب شاہ میں آصف علی زرداری کی زیر صدارت غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں نیب آرڈیننس 1999ء کی منسوخی کے امور پر غور کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر قانون ایڈووکیٹ جنرل سندھ شریک ہوئے۔ دریں اثنائسندھ اسمبلی میں آج( پیر کو) ہونے والے اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے تمام حزب اختلاف جماعتوں سے رابطہ کرلیا ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نیب کے خاتمے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور آج سندھ اسمبلی میںنیب کے خاتمے کا جو بل پیش کیا جائیگا اپوزیشن اس کی بھر پور مخالفت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے خاتمے کے مخالفت کیلئے قانونی، آئینی سمیت تمام تر پہلوئوں پر غور جاری ہے اور اس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں طلب کر لیا گیا ہے۔