بہاولنگر:ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، خاتون جاںبحق، ورثا کا ہسپتال کے سامنے احتجاج
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت)ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون جاںبحق، ورثاء کا ڈاکٹر کے خلاف ہسپتال کے سامنے احتجاج، شیمہ بی بی دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کی گئی تھی۔ تین گھنٹے گزر جانے کے باوجود نہ ڈاکٹر آیا اور نہ ہی عملہ نے چیک کیا ، ورثاء کا الزام، ورثاء کا ڈاکٹر پر تشدد، کسی صورت تشدد اور بے عزتی بر داشت نہیں کی جائیگی، انتظامیہ کے نوٹس تک ہسپتال میں ہڑتال جاری رہے گی۔ پی ایم اے ڈاکٹر عاطف نعیم۔ مبارک گیٹ بستی صدر دین کی شیمہ بی بی کو دل کی تکلیف ہونے کے باعث ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں لواحقین کے مطابق شیمہ بی بی کو تین گھنٹے تک نہ کسی ڈاکٹر نے چیک کیا نہ ہی علاج کی غرض سے کوئی اقدامات کیے۔ جس کے باعث مریضہ دم توڑ گئی ۔ اسی اثناء میں ماہر امراض دل ڈاکٹر طاہر نعیم بھی وارڈ میں پہنچ گئے۔ جنہیں دیکھ کر متوفیہ کے لواحقین نے ڈاکٹر کی نااہلی پر سزا دیتے ہوئے مارپیٹ شروع کر دی۔ پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹرعاطف نعیم، پیرا میڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن راشد سعید، سٹاف نرسز نے ڈاکٹر پر لواحقین کے مبینہ تشدد کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر عاطف نعیم نے کہا کہ جب تک ڈاکٹر پر تشدد کر نے والے افراد کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی ہڑتال جاری رہے گی جبکہ ایمرجنسی میں کام جاری رہے گا۔