تحریک انصاف سے رابطوں کی خبروں پر ندیم افضل چن سے سیکرٹری شپ کا استعفیٰ لے لیا: ذرائع
بھلوال(نامہ نگار) پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن سے پیپلزپارٹی کی جنرل سیکرٹری شپ سے استعفیٰ لے لیا ہے۔ اور آئندہ چند دنوں میں وسطی پنجاب کے نئے جنرل سیکرٹری کے نام کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔ پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق استعفیٰ ندیم افضل چن کی جانب سے تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے رابطوں کی وجہ سے لیا گیا۔ اس سلسلہ میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنمائوں نے تصدیق کی مگر ندیم افضل چن سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ جبکہ ندیم افضل چن جو بیرون ملک کے دورہ پر ہیں نے گزشتہ ماہ کے آخر میں وطن لوٹنا تھا مگر اب وہ پندرہ جولائی کو وطن واپس آرہے ہیں۔ یاد رہے کہ ندیم افضل چن کے قریبی عزیز نذر محمد گوندل نے سولہ جولائی کو عمران خان کو اپنے ڈیرہ منڈی بہاء الدین پر چائے کی دعوت دے رکھی ہے۔ جہاں بعض اعلانات متوقع ہیں۔ ادھر بعض پیپلزپارٹی کے حلقے ندیم افضل چن کے پیپلزپارٹی چھوڑنے کی اطلاعات غلط کہہ رہے ہیں۔