نیب غیرموثر ہونے سے وزرا سمیت 96 اہم شخصیات کو فائدہ پہنچے گا
کراچی (وقائع نگار) نیب کو غیرموثر کرنے سے حکومت سندھ کے کرپشن الزامات میں پھسنے ہوئے صوبائی وزیروں اور چہیتے سرکاری افسروں سمیت 96 بااثر شخصیات کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ نیب کو صوبے میںصوبائی محکموں کی کرپشن کے معاملات سے دور رکھے جانے سے سارا معاملہ صوبائی حکومت کے کنٹرول میں آجائے گا۔ یہ معاملات اب صرف صوبائی اینٹی کرپشن عدالتوں میں چلائے جائیں گے اور نیب سے مقدمات صوبائی اینٹی کرپشن میں منتقل کرائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جن نمایاں شخصیات کو فائدہ پہنچے گا ان میں صوبائی وزیر قانون ضیا الحسن لنجار سمیت سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن، منظور قادر کاکا، نثار مورائی، ذوالفقار شالوانی اور دیگر نمایاں ہیں۔ دوسری جانب قانونی ماہرین کے مطابق نیب کے ہاتھ باندھنے کا معاملہ عدالتوں میں آئیگا۔ تجزیہ کاروں نے کہا ہے یہ پیپلزپارٹی کا ایک اور این آر او آ گیا ہے۔ ادھر گیند اب گورنر سندھ محمد زبیر کی کورٹ میں چلی گئی ہے۔ سندھ اسمبلی نے سندھ کابینہ کا منظور شدہ بل منظور کر لیا ہے۔ بل اب سندھ اسمبلی کے سیکرٹری گورنر ہائوس کو دستخط کرکے منظور دینے کے لئے بھیجیں گے۔ گورنر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سندھ اسمبلی کا منظور کردہ بل منظور کریں یا اپنے پاس روک لیں اور مقررہ وقت میں اعتراض لگاکر واپس اسمبلی کو بھیج دیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق اگر گورنر نے بل مسترد کر دیا تو اسمبلی دوبارہ بل منظور کر سکتی ہے۔ دوبارہ منظوری کی صورت میں گورنر بے اختیار ہوں گے اور اسمبلی کا منظور کردہ بل خودبخود قانون بن جائے گا۔