بھارت کیساتھ محاذآرائی جنگ میں بدل سکتی ہے:چینی تھنک ٹینک
بیجنگ (صباح نیوز) چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہر قیمت پر اپنی سرحدی عملداری کا دفاع کرے گا اور واضح کیا ہے کہ تنازعہ کو مناسب طور پر حل نہ کیا تو جنگ چھڑ سکتی ہے۔ پیر کے روز چینی وزارت خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ اپنی سرحدی عملداری کی حفاظت کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ترجمان جینگ شوانگ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے بالکل ٹھیک کہا کہ یہ 2017 ہے اور جس طرح بھارت 1962 کے مقابلے میں بہت مختلف ہے، اسی طرح چین بھی 65 سال پہلے کے مقابلے میں آج بہت زیادہ مختلف ہے۔ انہوں نے بھارت پر سرحدی حد بندی کے معاہدے کا احترام کرنے اور چینی علاقے سے فوج واپس بلانے پر زور دیا۔ادھر چینی ماہرین نے خبردار کیا کہ بھارت کے ساتھ جاری محاذ آرائی بھرپور جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ سکم سیکٹر کے علاقے میں سرحدی حدود کے تنازع پر دونوں ممالک کے افواج آمنے سامنے آچکی ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا اور تھنک ٹینک کے مطابق اگر تنازعہ کو مناسب طور پر حل نہ کیا گیا تو جنگ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعہ کو تین ہفتے سے زیادہ ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک نے ہزاروں فوجی سرحد پر تعینات کر دئیے ہیں اس سے قبل بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ یہ 2017 ء ہے 1962 ء نہیں جب چین کے ہاتھوں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔