.عمران جمہوریت‘ عوام دشمنوں کے مہرے‘ سیاسی شکست پر فوج‘ عدلیہ کو پکارتے ہیں: سعد رفیق
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ منتخب حکومت کمزور ہوئی تو ملک انتشار کا شکار ہو سکتا ہے۔ عمران جمہوریت اور عوام دشمن عناصر کے بڑے مہرے ہیں۔ جو بھی ہو‘ سچ کی آواز بلند کریں گے۔ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گالی دو، دھمکیاں دو‘ ٹانگیں کھینچو‘ سچ کہنے سے باز نہیں آئیں گے۔ گمراہی پھیلانے سے پاکستان کے دشمن فائدہ اٹھائیں گے۔ تاریخ کا پہیہ الٹا گھمانے کی کوشش ناکام ہوگی۔ منتخب حکومت کمزور ہوئی تو ملک انتشار کا شکار ہو سکتا ہے۔ عمران خان سیاسی جنگ میں شکست کھا کر فوج اور عدلیہ کو پکارتے ہیں۔ عمران خان ساری جماعتوں کا کچرا جمع کر رہے ہیں، اب تو جے آئی ٹی نے بیٹیوں کو بھی بلا لیا ہے، عدالتی فیصلہ پاپولر نہیں درست ہونا چاہئے۔ سیاسی جنگ میں شکست کھا کر عمران فوج اورعدلیہ کو مدد کے لیے پکارنے لگتے ہیں اور اگر وہاں بھی کوئی انہیں گھاس نہ ڈالے تو بیرون ملک اپنے رشتہ داروں سے مدد مانگتے ہیں۔ جھوٹے عمران!تم نہیں سدھرو گے، جب سے تم بھیجے گئے ہو جمہوری نظام کو بے دست وپا کرنے کی سازشیں کر رہے ہو۔ ہم ہر قیمت ادا کر چکے ہیں۔