وزیراعظم کی جانب قومی کرکٹ ٹیم کیلئے انعامی رقم دینے کا اعلان ہائی کورٹ میں چیلنج
لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ وقائع نگار+نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم کی جانب قومی کرکٹ ٹیم کیلئے انعامی رقم دینے کا اعلان ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا‘ تقریب آج وزیراعظم ہاﺅس میں ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو انعامی رقم دینے کا اعلان اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ 22کروڑ کی خطیر رقم ٹیکس کے پیسے سے کیوں بانٹی جارہی ہے، کھلاڑی تنخواہ اور دیگر میچ فیس بھی لیتے ہیں لہٰذا عدالت معاملے پر حکم امتناع جاری کرے اور وزیراعظم کو ٹیکس کا پیسہ بانٹنے سے روکے۔ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کے موقع پر استفسار کیا کہ بتایا جائے وزیراعظم کس قانون کے تحت کتنی رقم کھلاڑیوں کو دے سکتے ہیں‘ ڈپٹی اٹارنی جنرل سے قانونی معاونت طلب کرلی اور سماعت کل تک ملتوی کردی ہے ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر ٹرافی نام کرنےوالی قومی ٹیم کے اعزاز میں آج وزیر اعظم ہاو¿س میں ہوگی۔کھلاڑی اور آفیشلزمقامی ہوٹل میں قیام کریں گے ‘انھیں فول پروف سکیورٹی میں ہوٹل سے وزیراعظم ہاو¿س پہنچایا جائےگا۔ کھلاڑیوں کو وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک ایک کروڑ، ہیڈکوچ مکی آرتھر، فٹنس اینڈ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود کو 50،50 لاکھ روپے ملیں گے، ٹیم منیجر طلعت علی، میڈیا منیجر رضا راشد، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، انچارچ ٹور آپریشنز شاہداسلم، اینالسٹ طلحہ اعجاز،سیکیورٹی منیجر اظہر،فزیوتھراپسٹ شین ہیز اور مساجر ڈونلڈ ڈیو البرٹ کو25،25 لاکھ روپے انعامی رقم کے چیک دئیے جائیں گے۔انعام حاصل کرنے والے کرکٹرز میں اظہرعلی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور وہاب ریاض شامل ہونگے۔