• news

15سے 20 برس کے دوران لاہور اور کراچی کی آبادی میں 50 فیصد اضافہ متوقع

اسلام آباد(اے پی پی) آئندہ 15 تا 20 سال کے دوران کراچی اور لاہور کی آبادی میں 50 فیصد اضافہ ، دس سال میں پاکستانی شہروں میں مقیم آبادی مجموعی قومی آبادی کے50 تا 60 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ معروف تحقیق کار نوید افتخار نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے شہروں میں بچوں کی پیدائش مین اوسط سالانہ 3 فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی میں ہونے والا تیز رفتار اضافہ بھی شہری آبادیوں میں اضافہ کا ایک بنیادی سبب ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے 20 بڑے شہروں کی آبادی دس لاکھ نفوس سے تجاوز کر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ دس برسوں کے دوران شہروں میں مقیم آبادی کا تناسب مجموعی آبادی کے 50 تا 60 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے جس کی روشنی میں شہروں سمیت دیہی علاقوں میں بنیادی انسانی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن