• news

نیب آرڈیننس منسوخی بل پر دستخط نہیںکر سکتا، واپس بھجوا دونگا: گورنر سندھ

اسلام آباد (آئی این پی) گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ سندھ نیب آرڈیننس منسوخی بل پر دستخط نہیں کر سکتا، یہ بل احتساب سے انکار ہے، سندھ میں احتساب کے خاتمے کی روایت ڈالی جارہی ہے، سندھ نیب آرڈیننس منسوخی بل وجوہات کے ساتھ واپس بجھوا دوں گا، ملک میں احتساب کیلئے نیا بل تیار ہو چکاہے، پانامہ کیس پاکستان کی تاریخ کا ایک ہائی پروفائل کیس ہے مگر 10جولائی کو کچھ نہیں ہونے والا، نہال ہاشمی کو صرف غلط الفاظ کے استعمال پر پارٹی سے نکال دیا گیا، اسحاق ڈار کو اتنے غصے میں نہیں دیکھا، سیاست میں ایک حد سے آگے نہیں جانا چاہیے۔ جی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مریم نوازجے آئی ٹی میں پیش ہوں گی، خواتین کا تحقیقات کیلئے پیش ہونا ہماری سماجی روایات کے خلاف ہے، مریم نواز پر کوئی الزام نہیں ہے اس کے باوجود وہ جے آئی ٹی میں پیش ہوں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں زبیر عمر نے کہا کہ میں نے اپنے انٹرویوز میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے کاموں کی تعریف بھی کی مگر اس کی کوئی بات نہیں کرتا اگر میں نے شہباز شریف کی تعریف کی تو واویلا مچا دیا گیا۔ میں کراچی کو مسائل سے نکالنے پر پیپلزپارٹی کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن