• news

عدلیہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرے: خامنہ ای

تہران ( نیوز ایجنسیاں) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ملک کی عدلیہ پر زور دیا ہے وہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرے۔ سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی ایک رپورٹ کے مطابق خامنہ ای نے عدلیہ پر زور دیا کہ قانونی اور انسانی حقوق کے معاملات کی سختی سے حمایت یا مخالفت کریں، تاکہ پوری دنیا کو اپنے موقف سے آگاہ کیا جاسکے۔عدالتی نظام سے تعلق رکھنے والے سربراہان اور عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو نائیجیریا کے شیعہ عالم شیخ زک زکی کی بھی حمایت کرنی چاہیے کہ جنھیں حکومت نے حراست میں لے رکھا ہے۔اس سے قبل جب 2010 میں انھوں نے کشمیر کے بارے میں بات کی تھی تو ہندوستانی حکومت نے تہران کے سامنے باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ اس سے قبل رواں برس اپریل میں ایران نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کی بنا پراپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن