شیخوپورہ: وکلاء کا تعمیر کی گئی دیوار گرا کر ڈپٹی کمشنر آفس کا گھیراؤ‘ نعرے بازی
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سینکڑوں وکلاء نے ڈپٹی کمشنر آفس کے بالمقابل وکلاء پارکنگ کے سامنے دیواریں تعمیر کرکے راستے بند کرنے کیخلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کرنے کے بعد احتجاجی جلوس نکال مشتعل وکلاء نے تعمیر کی گئی دیواروں کو گرانے کے بعد ڈی سی آفس کا گھیرائو کرلیا۔ ڈی سی ارقم طارق کیخلاف شدید نعرے بازی کی ان پر کرپشن ، اقرباء پروری کے الزامات لگائے پولیس کی مداخلت پر وکلاء ڈی سی آفس کی راہداری سے نکل کر ڈسٹرکٹ بار میں چلے گئے مظاہرہ کی قیادت صدر بار میاں عبدالسعید ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ نے کی اس موقع پر سابق سیکرٹری رانا زاہد محمود خان، چودھری مشتاق احمد گادھی ایڈووکیٹ، چودھری مرتضیٰ ورک ایڈووکیٹ،ریحانہ زوار حسین گھمن ایڈووکیٹ، امجد علی بجاڑایڈووکیٹ،طاہر شہزاد کمبوہ ایڈووکیٹ ، عبدالمناف خان ایڈووکیٹ، کامران ذوالفقار ورک ایڈووکیٹ، چودھری خرم ریاض کاہلوں ایڈووکیٹ، چودھری خرم شہزاد ورک ایڈووکیٹ ،طارق عزیز ملک ایڈووکیٹ، تنویر احسن ورک ایڈووکیٹ، مرزا عبدالرزاق، رائے علی حسن ایڈووکیٹ ، سرمد خان ایڈووکیٹ ، رائے محمد آصف ایڈووکیٹ سمیت خواتین وکلاء کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عبدالسعید ایڈووکیٹ‘ میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر نے پہلے ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کے اطراف میں دیواریں تعمیر کرکے وکلاء سائلین کیلئے راستے بند کردیئے اب یقینی دہانی کے باوجود راتوں رات وکلاء کی پارکنگ اور چیمبرز کے سامنے دیواریں تعمیر کرکے تمام راستے بند کردئیے اس غیر قانونی تعمیرات کیخلاف وکلاء نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھی آگاہ کیا مگر عملدرآمد نہ ہونے پر وکلاء نے احتجاجی راستہ اختیار کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد حکومت کی ہدایت پر ضلع کچہری میں سیکورٹی کے پیش نظر حفاظتی دیواروںکی تعمیرات شروع کی گئی ہیں اور اس ضمن میں وکلاء کو متعدد بار اعتماد میںلیا گیا مگر اس کے باوجود انہوںنے گزشتہ روز قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے خود ہی دیواریں گرانے کیساتھ میرے دفتر پر حملہ کردیا ضلع کچہری کے باہر بھی وکلاء نے غیر قانونی طور پر آہنی راڈ لگا کر راستوں کو خود بلاک کیا اور پھر وہاں غیر قانونی طور پر کار اور موٹرسائیکل اسٹینڈ بناکر غیر قانونی طور پر کار ٹیکس وصول کررہے ہیںان خیالا ت کااظہارانہوںنے سروسز کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے ڈی سی جی رائو ریاض اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین بٹ ،ایڈمن آفیسر جاوید چوہان ودیگر انتظامی افسران بھی موجودتھے۔ مزیدبرآں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور وکلاء کے مابین اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیںڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ نے اعلان کیا کہ ڈی سی شیخوپورہ کی تبدیلی تک آج سے وکلاء غیر معینہ کیلئے عدالتوں کا بائیکاٹ شروع کرینگے دوسری طرف ڈپٹی کمشنر نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو آگاہ کرتے ہوئے انکے دفتر پر حملہ آور ہونیوالے وکلاء کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی ہے جس پر ہوم سیکرٹری نے کمشنر لاہور ڈویژن کو آج شیخوپورہ کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا دوسری طرف ڈسٹرکٹ بار کے صدر میاں عبدالسعید ایڈووکیٹ کی ہدایت پر جنرل سیکرٹری میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ نے بار کی جنرل کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے جس کے بعد پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا اور انکی دعوت پر آج پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے عہدیداران شیخوپورہ آئینگے ذرائع کے مطابق ڈی سی شیخوپورہ اور ڈسٹرکٹ بار کے مابین جاری کشیدگی اور ممکنہ قانونی کارروائی کوروکنے کیلئے ڈسٹرکٹ سیشن جج ،ڈی پی او شیخوپورہ اور سٹی ایم این اے بھی حرکت میں آگئے ہیں۔ انہوںنے ڈی سی اور وکلاء کے مابین صلح کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔