• news

ریمنڈ ڈیوس جماعت اسلامی کے دور میں پکڑا جاتا تو پھانسی دیدیتے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے پانامہ سکینڈل میں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے خلاف فیصلہ آیا تو اس کے نتیجہ میں کرپشن کے راستے بند اور پاکستان کرپشن سے پاک ملک کے طور پر سامنے آئے گا ۔قوم کا مطالبہ ہے کہ حکمران ٹولے کے ساتھ ساتھ پانامہ سکینڈل میں ملوث ہر لٹیرے کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے اور لوٹی گئی قومی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی نے ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا کلچر ختم کرنے کیلئے طویل جدوجہد کی ہے۔ آج قوم کو اس کا ثمر ملنے والا ہے ،وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے خلاف جے آئی ٹی کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں اور وہ وقت دور نہیں جب جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور پاکستان ہمیشہ کیلئے کرپشن سے پاک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف تحقیقات مکمل ہوتے ہی پانامہ سکینڈل کے دیگر کرداروں کے خلاف بھی تحقیقات کا عمل شروع کردیا جائے اورموجودہ و سابقہ حکمرانوں سمیت سب لٹیروں کا بے رحم احتساب ہو تاکہ آئندہ کسی چور اور ڈاکو کو قومی خزانہ لوٹنے کی جرأت نہ ہو سکے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر سی پیک کو متنازعہ بنانے پر تلی ہوئی ہے، سی پیک کے روٹ کے متعلق سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کی پیش کردہ تجاویز پر عمل نہیںکیا گیا اور نہ ہی سب سے پہلے بننے والی فزیبلٹی رپورٹ کو مدنظر رکھا گیا۔ سی پیک کو چترال کی طرف سے گزارا جائے تو تمام وسطی ایشائی ریاستیں ہماری منڈیاں ہونگی اور ملکی تجارت میں ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔ سید صلاح الدین کشمیری قوم کو بھارت کی غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ سید صلاح الدین اور ان کی تنظیم نے امریکہ پر حملہ نہیں کیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ریکنڈ ڈیوس جماعت اسلامی کے دور اقتدار میں پکڑا جاتا تو اسے پھانسی دیدیتے۔

ای پیپر-دی نیشن