• news

ڈر ہے جے آئی ٹی کی رپورٹس کی طرح فیصلہ بھی کوئی اور نہ لکھ دے: طلال

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت+اے این این ) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے کہا ہے کہ ڈرہے ریمنڈ ڈیوس کیس کی طرح بیرونی ہاتھ اور اندرونی مہرے کسی بے گناہ کو نہ پکڑوادیں، جے آئی ٹی سے ہمارے سوالوں کے جواب نہ آنے تک انصاف پر سوالیہ نشان رہے گا۔وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ قطری شہزادہ پیچھے جے آئی ٹی آگے بھاگ رہی ہے، ریمنڈ ڈیوس نے جو لکھا ہے اس پر کارروائی کیوں نہیں ہوتی، جے آئی ٹی ن لیگ کی وجہ سے نہیں اپنے کرتوتوں کی وجہ سے متنازع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کوئی اور لکھ رہا ہے،یہ نہ ہو کہ آخر میں فیصلہ بھی کوئی اور لکھے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا کہ قطری شہزادے کے بیان کے بغیر کمیشن کی رپورٹ نامکمل ہوگی،لندن فلیٹس کے حوالے سے قطری شہزادے کا بیان ہمارا مرکزی دفاع ہے،قطری شہزادے نے مکمل معاونت کا یقین کرایا پھر بھی جے آئی ٹی نے ابھی تک اس متعلق کوئی پیش رفت نہیں کی کیا یہ توہین عدالت نہیں ہے،ہمیں وہ انصاف چاہیے جو ہوتا ہوا نظر آئے ہمارا تو ایک چہرا ہے عمران خان کے نا جانے کتنے چہرے ہیں سپریم کورٹ کے پانچوں معزز ججوں نے متفقہ طور پر جے آئی ٹی بنائی تو قوم نے خوشیاں منائیں ہم جے آئی ٹی میں عام شہری کی طرح اپنی تفتیش کرارہے ہیں 10تاریخ کو کیا ہونا ہے اس بارے میں کچھ نہیںکہہ سکتاعمران خان اور ان کے حواری قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن