• news

0نوازشریف کو فوج کی تباہی کا ایجنڈا دیا گیا: شیخ رشید

لاہور (وقائع نگار خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ اسمبلی میں وہ تو ہونگے لیکن وزیراعظم نوازشریف اسمبلی میں نہیں ہونگے۔ ان کے بقول نواز شریف کو یہ ایجنڈا دیا گیا ہے کہ فوج کو تباہ کرنا ہے۔ نوازشریف صرف یہ بتا دیں کہ مال کہاں سے آیا تو ان کی جان چھوٹ جائے گی۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جا چکے۔ شیخ رشید کے خطاب کے موقع پر بار کے ممبران نے ’’گو نواز گو‘‘ جبکہ اس کے بعد لیگی وکلا نے ’’جیو نواز جیو‘‘ کے نعرے لگائے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ملک کے اہم مقدمہ میں عالمی دبائو شروع ہوگیا ہے۔ قانون اور چوروں کے درمیان لڑائی ہے‘ وہ لوگ جو جمہوریت کے چیمپئن بن رہے ہیں ان سے آئندہ جمہوریت کو خطرہ ہے۔ حکومت چاہتی ہے کوئی آمر آئے اور سب کچھ لپیٹ کر چلا جائے موجودہ حکومت نظام کو لپیٹنے کے درپے ہے۔ اسحاق ڈار کاغذ تبدیل کرنے کے ماہر ہیں۔ انہوں نے مریم نواز کے جعلی دستخط استعمال کئے۔ نواز شریف حکومت اداروں کو تباہ کرنے کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ جے آئی ٹی کو قطری شہزادے کے دربار میں پیش نہیں ہونا چاہئے۔ اگر ملک کا وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوسکتا ہے تو پھر قطری شہزادہ کیوں پیش نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم کی صاحبزادی جے آئی ٹی میں پیش ہونے جا رہی ہیں اور پنجاب بھر میں ڈنڈے اور لاٹھیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ جن اسمبلیوں کی بات کی جارہی ہے وہاں ان کا سپیکر نہیں کھلتا۔ میرا خیال تھا کہ قربانی سے پہلے قربانی ہو گی لیکن قصائی بھاگ گیا لیکن اس بار قربانی ہو گی۔ جمہوریت بڑے آدمی کی کنیز بن گئی ہے۔ ہم خاندانوں کے غلام بن چکے ہیں۔ اسحاق ڈار بڑی گرمی میں ہیں۔ وہ ماہر اقتصادیات نہیں منشی ہے۔ اسحاق ڈار کی ٹریننگ سوئی گیس اور بجلی کے بل تبدیل کرانے کی تھی۔ خط ہی تسلیم کرتے ہیں تو کل کو کوئی بھی کہیں سے بھی لے آئے گا۔ قانون کے ترازو میں پاکستان کے پانچ عظیم ججوں نے انصاف کا فیصلہ لکھنا ہے اور فیصلہ گو نواز گو شریف گو ہے۔ اسحاق ڈار نے عمران خان کے خلاف بازاری زبان استعمال کی۔ سعد رفیق بڑے باپ کے چھوٹے بیٹے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سی پیک سے بہت امید تھی اسکا کام بھی رک گیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔ صباح نیوز کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ جمہوریت کے چیمپئن بننے کی کوشش کرنے والوں سے ہی جمہوریت کو خطرہ ہے جس عمر میں ہمارے بچوں کا شناختی کارڈ نہیں بنتا، اس عمر میں ان کے بچوں نے انہیں ایک ایک ارب روپے تحفے میں دئیے۔ حکمرانوں کی بدقسمتی ہے کہ وہ 8 سو کروڑ کے فلیٹ کے کیس میں پکڑے گئے ہیں۔ اس وقت ملک میں 2 حقیقی اپوزیشن لیڈر ہیں ایک عمران خان اور دوسرا شیخ رشید۔

ای پیپر-دی نیشن