• news

گونوازگوکانعرہ لگانے پر خواجہ آصف، عابدشیرنے دھمکیاں دیں:جمشیددستی

ملتان (ایجنسیاں) جمشیددستی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے سامنے گونوازگو کا نعرہ لگانے پر وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور عابد شیر نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق وزیر اعظم کے منشی ہیں، مجھے جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا لیکن سپیکر نے میری رہائی کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔کبھی عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی صرف چند پالیسیوں پر اختلاف کیا ہے۔ چئیرمین تحریک انصاف ملک کو مسائل سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں نوازشریف کے خلاف سیاسی اتحاد بنائیں گے۔ جے آئی ٹی ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرے گی، فیصلہ خلاف آنے پر نواز شریف کسی اور کو وزیراعظم نہیں بنائیں گے بلکہ اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے۔ میں نے والدہ کی نافرمانی کی جس کی وجہ سے جیل گیا، آئندہ الیکشن کے فوری بعد شادی کروں گا، شادی میں میاں برادران کو شرکت کی دعوت نہیں دوں گا۔ اداکارہ میرا میرے معیار کی لڑکی نہیں ہے کسی اچھے خاندان میں شادی کروں گا۔ علاوہ ازیں مجھ پر ہاتھ ڈال کر دوسروں کو پیغام دیا گیا میری گرفتاری غیر قانونی تھی۔ مجھے پولیس مقابلے میں مارنے کا پلان تھا۔ بعدازیں جمشیددستی رہائی کے بعد آبائی شہر مظفرگڑھ پہنچ گئے،رکن قومی اسمبلی کا ملتان سے مظفرگڑھ تک جگہ، جگہ شاندار استقبال کیا گیا،کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے، رہائی کا جشن منایا جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ جمشید دستی نے کہا کہ نوازشریف کو بہت جلد ہتھکڑی لگنے والی ہے۔ پوری قوم سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن