• news

کم سرمائے والی صنعتوں کے ٹیکس ر یٹرن میں تیزی لائی جائے: صدر ممنون

اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کم سرمائے والی صنعت کے ٹیکس ریٹرن میں تیزی لائی جائے اور انہیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ملک کی معیشت ترقی کر سکے۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں نبیل احمد الیاس ،چیئرمین پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچر ز ایسوسی ایشن گجرات کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستا ن کی فین انڈسٹری کم توانائی استعمال کرنیوالے پنکھے تیار کر رہی ہے ، توانائی کی موجودہ صورت حال میں جس کی غیرمعمولی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رجحان میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ فین انڈسٹری اور متعلقہ وزارتوں کے باہمی رابطوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ متعلقہ صنعت کے مسائل حل کیے جا سکیں۔انھوں نے کہا کہ چھوٹے صنعت کارسرکاری رعایات کے درست استعمال کو یقینی بنا کر دستیاب سہولتوں کی افادیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ فین ساز انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لیے ایوان صدر ان سے بھر پور تعاون کرے گا۔ انھوں نے وزارت صنعت وپیداوار کو ہدایت کی کہ وہ پنکھا ساز صنعت کے مسائل کے جلد حل کے لیے فوری اقدامات کرے، اس سلسلے میں وزارت ِ خزانہ کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن