• news

کراچی: قتل و غارت میں غیر ملکی جہادی تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات اور مغوی پولیس اہلکاروںکے قتل میں غیرملکی جہادی تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ کراچی پولیس کے تفتیشی حکام کے مطابق انصار الشریعہ نامی اس تنظیم کا تعلق شام سے ہے جس نے 2012 میں لیبیا میں جنم لیا تھا۔ پاکستان میں اس تنظیم کے وجود کا علم رواں سال اپریل میں اس وقت ہوا تھا جب بلوچ کالونی پل کے نزدیک اس نے ریٹائرڈ فوجی افسر طاہر ضیا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ مقتول طاہر ضیا فوج میں بھرتی کے خواہش مند امیدواروں کو تیاری میں مدد دیتے تھے۔ اس سال 21 مئی کو بہادر آباد پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 23 جون کو سائٹ میں حبیب بینک چورنگی کے قریب افطار کے وقت اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ ان دونوں واقعات کی تفتیش کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ بہادر آباد اور سائٹ میںپولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی انصار الشریعہ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ پولیس اہلکاروںکو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والے ملزمان دھمکی آمیز پمفلٹ بھی پھینک کر فرار ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن