اجتماعی کوشش سے کرپشن کا خاتمہ یقینی بنا سکتے ہیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن فری سو فیصد ترقی اور بدعنوانی سے پاک پاکستان نیب کی اولین ترجیح ہے ، اجتماعی کوششوں سے بدعنوانی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے چین کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں تاکہ سی پیک کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان اعتمادسازی میں اضافہ ہوگا۔ محنت ،عزم اور پروفیشنلزم کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ،نیب اپنی پیشہ وارانہ ،شفافیت اور میرٹ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے، نیب نے مقدمات بروقت نمٹانے کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 10 ماہ مقررکیا گیا ہے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیاگیا ہے۔